کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ ایک شخص نے اپنے بیٹے کی کسی غلطی پر غصہ ہوتے ہوئے اپنے بیٹے کو گھر میں باندھ دیا اور ساتھ کہہ دیا کہ اگر ایک ماہ سے پہلے میں نے تجھے کھولا تو میری بیوی کو طلاق، اب پوچھنا یہ ہے کہ اس مسئلہ کا حل کیا ہوگا کہ زوجین کا نکاح بھی برقرار رہے اور لڑکا بھی خلاصی پا لے ؟ اور اگر شوہر نے یہ الفاظ ایک سے زیادہ مرتبہ کہے ہوں تو پھر کیا حکم ہوگا ؟ نیز اگر ایک طلاق دے کر اپنے قسم کو توڑ دے تو اس صورت میں کونسی طلاق دینے ہوگی طلاق بائن یا رجعی ؟ اور پھر تجدید نکاح کا کیا حکم ہوگا اس کی ضرورت ہوگی یا نہیں؟ صرف رجوع کرنا کافی ہوگا ؟ قرآن و سنت کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔
واضح رہے کہ طلاق کو کسی شرط یا فعل کے ساتھ معلق کرنے کے بعد اسے ختم یا منسوخ نہیں کیا جا سکتا، بلکہ شرط پائے جانے کی صورت میں اگر ایک مرتبہ طلاق کے الفاظ کہے ہوں تو ایک طلاق رجعی واقع ہوگی اور اگر ایک مرتبہ سے زیادہ مثلاً تین یا تین سے زیادہ مرتبہ کہے ہوں تو تین طلاقیں واقع ہو جائیں گی اور بیوی شوہر پر حرام ہو جائے گی، البتہ اس سے بچنے کی ایک صورت یہ ہے کہ وہ شخص خود اپنے بیٹے کو نہ کھولے، بلکہ اس کے علاوہ گھر کا کوئی دوسرا شخص اس کے حکم اور اجازت کے بغیر اسے خود ہی کھول دے تو اس صورت میں طلاق واقع نہیں ہوگی۔ نیز ایک صورت یہ ہے کہ شوہر اپنی بیوی کو ایک طلاق دے دے، خواہ وہ طلاق رجعی ہو یا بائن اور عدت مکمل ہونے تک انتظار کرے۔ عدت مکمل ہونے کے بعد بیٹے کو کھول دے، پھر نئے مہر اور گواہوں کی موجودگی میں ازسرِنو نکاح کرلے۔ اس صورت میں بیوی پر دوسری طلاق واقع نہیں ہوگی۔
الهندية:(421/1،ط: دارالفكر) وإذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا مثل أن يقول لامرأته: إن دخلت الدار فأنت طالق ولا تصح إضافة الطلاق إلا أن يكون الحالف مالكا أو يضيفه إلى ملك والإضافة إلى سبب الملك كالتزوج كالإضافة إلى الملك فإن قال لأجنبية: إن دخلت الدار فأنت طالق ثم نكحها فدخلت الدار لم تطلق كذا في الكافي. المبسوط للسرخسي: (30/ 235،ط:دار المعرفة) وفعل غيره لا يكون فعلا له.