کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ ایک شخص بے اولاد ہے، یعنی اس کی کوئی اولاد نہیں ہے۔ اس کے بھائی بھی موجود ہیں، وہ شخص اپنی زندگی میں اپنا فلیٹ اپنی بیوی کے نام منتقل کرنا چاہتا ہے، تاکہ اس کے انتقال کے بعد اس کی بیوی کو گھر مل جائے اور وہ کسی کی محتاج نہ ہو۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ: 1. کیا کسی شخص کے لیے اپنی زندگی میں فلیٹ بیوی کے نام منتقل کرنا شرعاً جائز ہے، تاکہ اس کے انتقال کے بعد اس کی بیوی کو گھر مل جائے اور وہ کسی کی محتاج نہ ہو۔ 2. کیا شریعتِ مطہرہ میں کسی شخص کو اپنے شرعی ورثا کو محروم کرنے کی نیت سے جائیداد ہبہ کرنے کی ممانعت یا اس پر کوئی وعید وارد ہوئی ہے؟ اگر ہے تو قرآن و حدیث کی روشنی میں وضاحت فرمائیں۔ 3. اگر بیوی یا دیگر رشتہ دار شوہر پر دباؤ ڈالیں کہ وہ اپنی زندگی میں فلیٹ ان کے نام منتقل کر دے، تاکہ اس کے انتقال کے بعد اس کی بیوی کو گھر مل جائے اور وہ کسی کی محتاج نہ ہو تو اس کا شرعی حکم کیا ہے؟ 4. اگر شوہر جائیداد بیوی کے نام منتقل کر کے اسے مکمل قبضہ و اختیار بھی دے دے، لیکن اس کی نیت یہ تھی کہ اس کے انتقال کے بعد اس کی بیوی کو گھر مل جائے اور وہ کسی کی محتاج نہ ہو تو اس صورت میں دوسرے وارث پر ظلم تو نہیں ہوگا؟ نیز کیا یہ ہبہ شرعاً نافذ ہوگا؟ اور کیا ایسی صورت میں وہ جائیداد شوہر کے انتقال کے بعد ترکے میں شمار ہوگی یا نہیں؟ براہِ کرم قرآن و حدیث، فقہِ حنفی اور معتبر کتبِ فقہ و فتاویٰ کی روشنی میں مفصل اور مدلل جواب عنایت فرمائیں۔
واضح رہے کہ ہر شخص اپنی زندگی میں اپنی جائیداد کا مالک و مختار ہوتا ہے، لہٰذا اسے اپنی ملکیت میں ہر جائز تصرف کرنے کا حق حاصل ہے، چنانچہ اگر کوئی شخص اپنی زندگی میں اپنی جائیداد میں سے اپنی بیوی کو کچھ دے دے تو شرعاً یہ ہبہ (گفٹ) شمار ہوگا، ہبہ کے مکمل ہونے کے لیے موہوبہ چیز کا قبضہ دینا ضروری ہے، لہٰذا جب موہوبہ چیز کا قبضہ دے دیا جائے تو ہبہ مکمل ہو جاتا ہے اور موہوب لہ اس کا مالک بن جاتا ہے، البتہ کسی وارث کو میراث سے محروم کرنے کی نیت سے ایسا تصرف کرنا درست نہیں، کیونکہ حدیثِ مبارکہ میں ہے: ’’جس شخص نے کسی وارث کو اس کی میراث سے محروم کیا، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اسے جنت کی میراث سے محروم فرمائے گا، لہٰذا پوچھی گئی صورت میں اگر شوہر نے اپنی خوشی و رضامندی سے فلیٹ اپنی بیوی کو ہبہ کر کے اس کا قبضہ بھی دے دیا تھا تو بیوی شرعاً اس فلیٹ کی مالک ہے اور شوہر کے دیگر ورثا اس فلیٹ میں میراث کے حصے کا مطالبہ نہیں کر سکتے۔
مشكاة المصابيح: (2/ 926،ط:المكتب الإسلامي) 3078 -[9] (لم تتم دراسته) وعن أنس قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «من قطع ميراث وارثه قطع الله ميراثه من الجنة يوم القيامة» . رواه ابن ماجه الدرالمختار :(5/ 688، ط:دارالفكر) (وتصح بإيجاب ك وهبت ونحلت وأطعمتك هذا الطعام ولو) ذلك (على وجه المزاح) . الهندية: (4/ 375، ط:دارالفكر) فكقوله: وهبت هذا الشيء لك، أو ملكته لك، أو جعلته لك، أو هذا لك، أو أعطيتك، أو نحلتك هذا، فهذا كله هبة، دررالحکام:(559/1، ط: دارالجیل) "لأن للإنسان أن يتصرف في ملكه الخاص كما يشاء وليس لأحد أن يمنعه عن ذلك ما لم ينشأ عن تصرفه ضرر بين لغيره." مجلة الأحكام العدلية: (22،ط: نور محمد) فإذا وهب أحد شيئا إلى آخر لا تتم الهبة قبل القبض.