ایک شخص اپنی زندگی میں حالت صحت میں اپنے بیٹے کو کچھ خاص رقم یا جائیداد کا کچھ حصہ اس شرط پر دیتا ہے کہ وہ اس کے مرنے کے بعد ہر قسم کی میراث سے محروم رہے گا کیا ایسا کرنا جائز ہے ؟کیا اس طرح وہ میراث سے محروم رہے گا ؟اگر بیٹا والد کے مرنے کے بعد میراث کا دعوی کر لے تو اس کی شرعی حیثیت کیا ہوگی؟
واضح رہے کہ آدمی کی وفات کے بعد اس کا ترکہ شرعی ورثاء کی ملکیت بنتا ہے، جبکہ زندگی میں اس کا مال خود اسی کی ملکیت رہتا ہے، لہٰذا زندگی میں اولاد کو جو کچھ دیا جاتا ہے، وہ ہبہ اور عطیہ ہوتا ہے، وراثت نہیں، اور نہ ہی اسے وراثت کا بدل قرار دیا جا سکتا ہے؛ اگرچہ دیتے وقت اس کی صراحت بھی کردی جائے۔ ا گر باپ نے اپنی زندگی میں اپنے کسی بیٹے کو کوئی زمین یا جائیداد اس شرط پر دی کہ وہ باپ کی وفات کے بعد اس کے ترکے میں سے کسی قسم کی میراث کا حق دار نہیں ہوگا، تو یہ شرط شرعاً لغو اور ناقابلِ اعتبار ہے،لہذا باپ کی وفات کے بعد وہ بیٹا دیگر شرعی ورثاء کی طرح اپنے شرعی حصے کا حق دار ہوگا اور اسے اپنے حصۂ میراث کا مطالبہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔
الشامية :(5/ 249،ط: دارالفكر) وفي جامع الفصولين: ويصح تعليق الهبة بشرط ملائم كوهبتك على أن تعوضني كذا، ولو مخالفا تصح الهبة لا الشرط اهـ. وفي حاشيته للخير الرملي. أقول يؤخذ منه جواب واقعة الفتوى: وهب لزوجته بقرة على أنه إن جاءه أولاد منها تهب البقرة لهم وهو صحة الهبة وبطلان الشرط اهـ البحر الرائق شرح كنز الدقائق :(7/ 284،ط: دارالكتاب الاسلامي) وأنها لا تبطل بالشروط الفاسدة حتى لو وهب لرجل عبده على أن يعتقه صحت الهبة وبطل الشرط.