محترم مفتیانِ کرام السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! امید ہے کہ آپ ایمان و صحت کی بہترین حالت میں ہوں گے۔ درج ذیل مسئلے پر آپ کی مستند رہنمائی درکار ہے۔ سوال: کیا شرعی و قانونی طور پر مسجد کیلئے مختص پلاٹ کا تھوڑا بہت حصہ دکانوں کی صورت میں فروخت کیا جاسکتا ہے؟ تفصیل: 2009 میں ہماری سوسائٹی میں قائم شدہ مسجد کے حصے میں 3 عدد دکانیں بنائی گئی تھیں۔ مسجد انتظامیہ کے فردِ واحد نے بطور چیئرمین ٹرسٹ کی جانب سے ستمبر 2026 تک رہائشی ممبران کو زبانی یہی بتایا کہ یہ دکانیں پگڑی سسٹم کے تحت دی گئی ہیں۔ جس پر دکاندار ماہانہ کرایہ ادا کرتے ہیں۔ گزشتہ دنوں اس پر بات چلی اور دستاویزات کو بغور پرکھا گیا تو علم ہوا کہ مذکورہ فردِ واحد نے سب سے پہلے ان دکانوں کی خفیہ نیلامی نہایت معمولی رقم کے عوض ایک دکان اپنی اہلیہ کے نام اور بقیہ دو دکانیں اپنے قریبی منظورِ نظر افراد کے نام مختص کر دی تھیں۔ دکانوں کی نیلامی کے بعد اسی فردِ واحد نے مسجد کی جانب سے غیر قانونی، ملکیتی الاٹمنٹ آرڈر بھی جاری کر دیے اور ماہانہ کرایہ بھی طے کر دیا۔ مزید برآں یہ کہ مذکورہ دکانیں ایک سے زائد بار فروخت کی گئیں، جس کی خرید و فروخت پر مذکورہ فردِ واحد نے NOC بھی جاری کیے ۔ نیز طے شدہ کرائے پر بھی دکانداروں کو بھرپور رعایتیں دی گئیں اور مسجد کو لاکھوں روپے کا نقصان بھی پہنچایا گیا۔ آپ سے گزارش ہے کہ اس سلسلے میں ہماری رہنمائی فرمائیں کہ کیا شریعت میں اس پورے عمل کی گنجائش ہے اور کیا ایسے فرد کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے؟ جزاک اللہ والسلام
واضح رہے کہ مسجد کے لیے وقف شدہ زمین کا جو حصہ نماز کی ادائیگی کے لیے مخصوص کر دیا جائے، وہ زمین کی تہہ سے لے کر آسمان تک ہمیشہ کے لیے مسجد کے حکم میں ہوتا ہے، لہٰذا اس حصے میں کوئی دوسری تعمیر کرنا جائز نہیں ہے، البتہ اگر مسجد کی تعمیر سے پہلے وقف شدہ زمین کا کوئی ایسا حصہ جو نماز کے لیے مخصوص نہ کیا گیا ہو، مسجد کے اخراجات اور مصالح کے لیے مختص کیا جائے تو اس میں دکانیں تعمیر کرنے کی گنجائش ہے، تاہم چونکہ وہ دکانیں وقف شدہ زمین پر تعمیر کی گئی ہیں، اس لیے ان سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی وقف کے مقاصد کے لیے ہی استعمال کی جائے گی،لہٰذا پوچھی گئی صورت میں اگر مذکورہ تینوں دکانیں مسجد کے لیے وقف شدہ زمین کے اس حصے میں تعمیر کی گئی ہیں جو نماز کے لیے مخصوص نہیں تھا، تو ان دکانوں کی تعمیر کرنا اور انہیں کرایہ پر دینا جائز ہے، لیکن انہیں کسی فردِ واحد یا کمیٹی کے رکن کو ذاتی ملکیت کے طور پر الاٹ کرنا یا فروخت کرنا جائز نہیں۔ اسی طرح کسی شخص کا اپنی اہلیہ یا اپنے منظورِ نظر افراد کے نام ان دکانوں کی ملکیتی الاٹمنٹ جاری کرنا، انہیں فروخت کرنا یا ان کی خرید و فروخت کے لیے این او سی جاری کرنا شرعاً ناجائز ہے۔ ایسی صورت میں کی گئی خرید و فروخت شرعاً معتبر نہیں ہوگی اور متعلقہ افراد پر لازم ہے کہ ان دکانوں کو وقف کے حوالے کریں۔ نیز اگر مذکورہ ذمہ دار شخص نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے دکانوں کا کرایہ کم کیا یا مسجد کے مالی مفاد کو نقصان پہنچایا ہے تو وہ اس کا جواب دہ ہوگا، اور اس سے ہونے والے نقصان کی تلافی کا حکم بھی متعلقہ تفصیلات کے مطابق ہوگا، البتہ اگر مذکورہ دکانیں اس حصے میں تعمیر کی گئی ہیں جو باقاعدہ مسجد اور نماز کے لیے وقف و مخصوص ہوچکا تھا تو وہاں دکانیں تعمیر کرنا بھی جائز نہیں تھا، بلکہ اس حصے کو مسجد کے حکم میں برقرار رکھنا ضروری ہے، لہٰذا مذکورہ صورتِ حال میں اگر انتظامیہ کے کسی فرد نے وقف کی زمین یا اس پر تعمیر شدہ دکانوں کو ذاتی ملکیت قرار دے کر فروخت کیا ہے تو ممبران کے لیے اس کے خلاف متعلقہ قانونی فورم سے رجوع کرنا اور وقف کی زمین و املاک کو ناجائز تصرف سے محفوظ رکھنے کے لیے قانونی کارروائی کرنا جائز ہے۔
الهندية: (2/ 462.ط:دار الفكر) قيم المسجد لا يجوز له أن يبني حوانيت في حد المسجد أو في فنائه؛ لأن المسجد إذا جعل حانوتا ومسكنا تسقط حرمته وهذا لا يجوز، والفناء تبع المسجد فيكون حكمه حكم المسجد، كذا في محيط السرخسي. الشامية: (4/ 357.ط:دارالفكر) (وإذا جعل تحته سردابا لمصالحه) أي المسجد (جاز) (قوله: وإذا جعل تحته سردابا) جمعه سراديب، بيت يتخذ تحت الأرض لغرض تبريد الماء وغيره كذا في الفتح وشرط في المصباح أن يكون ضيقا نهر. التاتارخانية:332/3،ط: زکریا) "قال الفقیه أبو جعفر: إذا لم یذکر الواقف في صک الوقف إجارة الوقف، فرأی القیم أن یواجرها ویدفعها مزارعةً، فما کان أدر علی الوقف وأنفع للفقراء فعل."