عقد نکاح میں نکاح خواں مولوی صاحب نے مہر کی مقدار کو متعین کئے بغیر صرف یہ کہا کہ مہر شرعی پر نکاح کرتا ہوں، اب کونسا مہر لازم ہے ؟
واضح رہے کہ مہر کی مقدار کے اعتبار سے چار صورتیں ہیں: 1۔ اقل مہر: احناف کے نزدیک مہر کی کم از کم مقدار دس درہم چاندی ہے، جس کا موجودہ وزن تقریباً 30 گرام، 618 ملی گرام بنتا ہے۔ اس سے کم مہر مقرر کرنا شرعاً درست نہیں، البتہ مہر کی زیادہ سے زیادہ کوئی مقدار متعین نہیں ہے۔ 2۔ مہرِ مثل: عورت کے والد کے خاندان کی ان عورتوں کا مہر جو عمر، مال، عقل، معاشرتی حیثیت اور دیگر متعلقہ اوصاف میں اس کے مماثل ہوں، مہرِ مثل کہلاتا ہے۔ اگر نکاح کے وقت مہر مقرر نہ کیا گیا ہو تو عورت کے لیے مہرِ مثل لازم ہوتا ہے۔ 3۔ مہرِ مسمّٰی: نکاح کے وقت میاں بیوی کی باہمی رضامندی سے جو مہر مقرر کیا جائے، اسے مہرِ مسمّٰی کہتے ہیں۔ شرعاً اس کی مقدار دس درہم سے کم نہیں ہونی چاہیے اور مقرر کردہ مہر کی ادائیگی شوہر پر لازم ہے۔ 4۔ مہرِ فاطمی: وہ مہر جو رسول اللہ ﷺ نے اپنی صاحبزادی حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا اور اپنی دیگر صاحبزادیوں اور اکثر ازواجِ مطہرات رضی اللہ عنہن کے لیے مقرر فرمایا، مہرِ فاطمی کہلاتا ہے۔ اس کی مقدار پانچ سو درہم چاندی ہے، جس کا موجودہ وزن تقریباً ایک کلو 530 گرام چاندی بنتا ہے۔ ان چاروں صورتوں میں سے کسی کے مطابق مہر مقرر کیا جا سکتا ہے، البتہ ہر ایک کا حکم اور اعتبار الگ ہے۔ اگر نکاح کے وقت مہرِ شرعی کا نام لے کر مہر مقرر کیا جائے تو اس سے کون سی مقدار مراد ہے، اس کا تعین فریقین کی مراد اور علاقے یا خاندان کے عرف کے مطابق کیا جائے گا۔
صحيح مسلم: (4/ 144،ط:دار طوق النجاة ) 78 - (1426) حدثنا إسحاق بن إبراهيم ، أخبرنا عبد العزيز بن محمد ، حدثني يزيد بن عبد الله بن أسامة بن الهاد . (ح)، وحدثني محمد بن أبي عمر المكي - واللفظ له -. حدثنا عبد العزيز ، عن يزيد ، عن محمد بن إبراهيم ، عن أبي سلمة بن عبد الرحمن أنه قال: « سألت عائشة زوج النبي صلى الله عليه وسلم كم كان صداق رسول الله صلى الله عليه وسلم؟ قالت: كان صداقه لأزواجه ثنتي عشرة أوقية ونشا. قالت: أتدري ما النش؟ قال: قلت: لا. قالت: نصف أوقية، فتلك خمسمائة درهم، فهذا صداق رسول الله صلى الله عليه وسلم لأزواجه. الشامیة: (3/ 94،ط:دارالفكر) (ولو نكحت بأقل من مهرها فللولي) العصبة (الاعتراض حتى يتم) مهر مثلها (أو يفرق) القاضي بينهما دفعا للعار» (قوله: دفعا للعار) أشار إلى الجواب عن قولهما ليس للولي الاعتراض. لأن ما زاد على عشرة دراهم حقها ومن أسقط حقه لا يعترض عليه ولأبي حنيفة أن الأولياء يفتخرون بغلاء المهور ويتعيرون بنقصانها فأشبه الكفاءة بحر والمتون على قول الإمام. بدائع الصنائع: (2/ 305،ط:دار الكتب العلمية) فإن كان الاختلاف في أصل التسمية يجب مهر المثل؛ لأن الواجب الأصلي في باب النكاح هو مهر المثل؛ لأنه قيمة البضع، وقيمة الشيء مثله من كل وجه، فكان هو العدل، وإنما التسمية تقدير لمهر المثل. فإذا لم تثبت التسمية لوقوع الاختلاف فيها، وجب المصير إلى الموجب الأصلي.