السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میں وادی تیراہ سے تعلق رکھتا ہو میرے گاؤں میں بھنگ کی کاشت کی جاتی ہے جس سے صرف اور صرف برس بنتا ہے جن پر فروخت کرتے ہیں انکے بارے یقینی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ یہ چرس بنائینگے تو
کیا بھنگ کی کاشت کرنا جائز ہے یا اپنی زمین کو بھنگ کے لئے اجارہ پر دینا جائز ہے؟
اگر جائز نہیں تو جو حضرات بھنگ کی کاشت کرتے ہیں ان کے ہاں مزدوری کرنا کھانا پینا اگر انکو قرض دیا اپنی قرض کی رقم لینا اسی بھنگ والے پیسوں سے جبکہ انکی کوئی دوسری کمائی نہ ہو جائز ہے یا نہیں؟
واضح رہے کہ بھنگ ایک ایسا پودا ہے جس کا حکم اس کے مقصد اور استعمال پر منحصر ہے۔جائز اور مباح مقاصد، جیسے دوائی یا دیگر مفید استعمال کے لیے بھنگ کی کاشت و خرید و فروخت جائز ہےاور صرف نشہ آور اشیاء بنانے یا دیگر ناجائز کاموں کے لیے اس کی کاشت و خرید و فروخت ناجائز ہے۔
زمین یا بھنگ ایسے شخص کو دینا یا بیچنا جس کے بارے میں یقین ہو کہ وہ ناجائز مقصد کے لیے استعمال کرے گا، مکروہ تحریمی ہے اور اگر مقصد معلوم نہ ہو تو جائز ہے۔جو شخص بھنگ کو صرف حرام کاموں میں استعمال کرتا ہو، اس کے ساتھ قرض یا لین دین درست نہیں، البتہ اگر مقصد معلوم نہ ہو یا جائز ہو تو لین دین جائز ہے۔
*الدر المختار:(677/1،ط: دارالفكر)*
(وصح بيع غير الخمر) مما مر، ومفاده صحة بيع الحشيشة والأفيون.
قلت: وقد سئل ابن نجيم عن بيع الحشيشة هل يجوز؟ فكتب لا يجوز، فيحمل على أن مراده بعدم الجواز عدم الحل.
*الشامية:(391/6،ط: دارالفكر)*
(و) جاز (بيع عصير) عنب (ممن) يعلم أنه (يتخذه خمرا) لأن المعصية لا تقوم بعينه بل بعد تغيره وقيل يكره لإعانته على المعصية ونقل المصنف عن السراج والمشكلات أن قوله ممن أي من كافر أما بيعه من المسلم فيكره ومثله في الجوهرة والباقاني وغيرهما زاد القهستاني معزيا للخانية أنه يكره بالاتفاق
*المبسوط للسرخسى:(9/24،ط: دار المعرفة)*
(ألا ترى) أن البنج لا بأس بأن يتداوى به الإنسان، فإذا كاد أن يذهب عقله منه، فلا ينبغي أن يفعل ذلك.
*کفایت المفتی:(129/9،ط: دارالاشاعت)*
افیون ، چرس ،بھنگ یہ تمام چیزیں پاک ہیں اور ان کا دوا میں خارجی استعمال جائز ہے، نشہ کی غرض ان کو استعمال کرنا نا جائز ہے۔مگر ان سب کی تجارت بوجہ فی الجملہ مباح الاستعمال ہونے کے مباح ہے،تجارت تو شراب اور خنزیر کی حرام ہے کہ ان کا استعمال خارجی بھی نا جائز ہے۔