السلام علیکم حضرت! ایک آدمی نے قسم کھائی کہ اس کار میں سوار نہیں ہوں گا، پھر اس نے وہ کار فروخت کر دی، پھر کچھ زمانے کے بعد دوبارہ وہی کار خریدی، اب اگر اس کار میں سوار ہو جاۓ تو حانث ہوگا یا نہیں؟
اگر کوئی شخص کسی کام کے کرنے یا نہ کرنے کی قسم کھائے، پھر اپنی قسم توڑ دے تو اس پر قسم کا کفارہ لازم ہوگا، قسم کا کفارہ یہ ہے کہ دس مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلائے یا دس مسکینوں کو لباس دے اور اگر ان دونوں کی استطاعت نہ ہو تو مسلسل تین دن کے روزے رکھے۔ پوچھی گئی صورت میں چونکہ اس نے مذکور کار میں سوار نہ ہونے کی قسم کھائی تھی، لہٰذا اگر وہ کار ایک مرتبہ فروخت ہونے کے بعد دوبارہ خرید بھی لے اور اس میں سوار ہو جائے، تب بھی قسم ٹوٹ جائے گی اور وہ حانث ہو جائے گا۔
الدرالمختار : (3/ 708، ط:دارالفكر) (منعقدة وهي حلفه على) مستقبل (آت) يمكنه، فنحو: والله لا أموت ولا تطلع الشمس من الغموس (و) هذا القسم (فيه الكفارة) لآية - {واحفظوا أيمانكم} [المائدة: 89]- ولا يتصور حفظ إلا في مستقبل (فقط). الهندية: (2/ 52، ط: دارالفكر) ومنعقدة، وهو أن يحلف على أمر في المستقبل أن يفعله، أو لا يفعله، وحكمها لزوم الكفارة عند الحنث كذا في الكافي. بدائع الصنائع : (3/ 5، ط: دارالكتب العلمية ) وأما اليمين المعقودة فهي اليمين على أمر في المستقبل نفيا أو إثباتا نحو قوله والله لا أفعل كذا وكذا وقوله والله لأفعلن كذا.