السلام علیکم میں ایک ہوزری کا ٹھیکے دار ہوں۔۔کمپنی مجھے ایک مہینے بعد پیسے دیتی ہے، لیکن ورکرز کو ہر ہفتے پیسے دینے پڑتے ہیں، اس وجہ سے مجھے ہر ہفتے انویسٹر کی ضرورت پڑتی ہے، یہ پیسے میں انویسٹر سے لے کر کاریگروں کو دیتا ہوں اور پھر اپنی بچت میں سےکچھ پرسنٹیج انویسٹر کو دیتا ہوں اور انویسٹر صرف سلیپنگ پارٹنر ہوتا ہے، عمل میں شریک نہیں ہوتا تو یہ صورت جائز ہے یا اس میں سود کا شبہ ہے؟
واضح رہے کہ اگر کوئی شخص صرف سرمایہ فراہم کرے اور دوسرا شخص اس سرمایہ کو کاروبار میں استعمال کرے، جبکہ حاصل ہونے والا حقیقی منافع دونوں کے درمیان پہلے سے طے شدہ فیصد کے مطابق تقسیم کیا جائے اور نقصان کی صورت میں سرمایہ کا نقصان سرمایہ فراہم کرنے والا برداشت کرے، بشرطیکہ کام کرنے والے کی طرف سے کوئی تعدی، کوتاہی یا خلافِ شرط عمل نہ ہوا ہو تو یہ معاملہ مضاربت کہلاتا ہے، جو شرعاً جائز ہے۔ البتہ اگر سرمایہ فراہم کرنے والے کے لیے ہر حال میں اصل سرمایہ کے علاوہ کوئی مقررہ رقم یا مقررہ فیصد دینا لازم ہو، خواہ کاروبار میں نفع ہو یا نقصان، یا اس کو منافع کاروبار کے بجائے اپنی ذاتی رقم سے ادا کیا جائے تو یہ مضاربت نہیں، بلکہ قرض پر مشروط نفع ہونے کی وجہ سے ناجائز اور سود کے حکم میں داخل ہے، لہٰذا پوچھی گئی صورت میں اگر انویسٹر کو ادائیگی کاروبار کے حقیقی منافع میں سے طے شدہ تناسب کے مطابق کی جاتی ہے تو یہ جائز مضاربت ہے اور اگر اسے ہر صورت میں اپنی جیب سے یا اصل سرمایہ پر متعین نفع ادا کیا جاتا ہے تو یہ صورت جائز نہیں۔
*تبيين الحقائق: (5/ 67،ط: دارالکتاب الاسلامی)* قال رحمه الله (وما هلك من مال المضاربة فمن الربح)؛ لأنه تابع ورأس المال أصل لتصور وجوده بدون الربح لا العكس فوجب صرف الهالك إلى التبع لاستحالة بقائه بدون الأصل كما يصرف الهالك«إلى العفو في الزكاة قال رحمه الله (فإن زاد الهالك على الربح لم يضمن المضارب)؛ لأنه أمين فلا يكون ضمينا للتنافي بينهما في شيء واحد. *العناية شرح الهداية: (8/ 448،ط:دارالفکر)* قال (ومن شرطها أن يكون الربح بينهما مشاعا إلخ) ومن شرط المضاربة أن يكون الربح بينهما مشاعا، ومعناه أن لا يستحق أحدهما دراهم من الربح مسماة لأن شرط ذلك ينافي الشركة المشروطة لجوازها، والمنافي لشرط جواز الشيء مناف له، وإذا ثبت أحد المتنافيين انتفى الآخر كما إذا ثبت الوجود انتفى العدم.