ایک شخص عمرے کی نیت سے جا رہا ہے۔ اس کا سامان (بشمول احرام کی چادر) جدہ پہنچ چکا ہے اور وہ خود اس وقت پاکستان کے ایئرپورٹ پر ہے۔ 1. اس صورت میں اس کے لیے شرعی حکم کیا ہے؟ کیا وہ بغیر احرام کے میقات سے گزر سکتا ہے؟ 2. اور اگر وہ بغیر نیت کے میقات سے گزر کر مکہ مکرمہ میں داخل ہو جائے تو اس پر کیا لازم ہوگا؟
حرم میں داخل ہونے والے شخص کے لیے ضروری ہے کہ وہ میقات سے پہلے حج یا عمرے کا احرام باندھے، اگر وہ احرام کے بغیر حرم میں داخل ہوگا تو اس پر ایک دم دینا واجب ہوگا، البتہ اگر وہ واپس میقات جاکر احرام باندھ لے تو دم ساقط ہو جائے گا۔ اگر کوئی شخص حرم جانے کا ارادہ نہیں رکھتا، بلکہ میقات کے اندر کسی جگہ کام سے آ رہا ہے اور میقات سے گزرنا اُس کے لیے مجبوری ہے تو ایسے شخص پر احرام واجب نہیں۔ اسی طرح مکہ مکرمہ میں رہنے والا اگر میقات سے باہر چلا جائے اور پھر واپس مکہ آنے کا ارادہ کرے تو اس کے لیے بھی میقات سے عمرے کا احرام باندھنا ضروری ہے، اگر وہ بغیر احرام کے حرم میں داخل ہوگا تو اس پر بھی ایک دم لازم ہوگا، لیکن اگر یہ شخص دوبارہ میقات جاکر احرام باندھ لے تو دم ساقط ہو جاتا ہے۔ پوچھی گئی صورت میں اگر کوئی احرام موجود نہیں ہے تو کوئی اور چادر احرام کی نیت سے باندھ لے ضروری نہیں ہے کہ احرام کے لیے سفید چادر ہی باندھی جائے اور اگر بغیر احرام کے میقات سے گزر گیا تو دم لازم ہو جائے گا، البتہ اگر وہ وہاں سے واپس میقات آ کر دوبارہ احرام باندھ لے تو دم ساقط ہو جائے گا۔
الهندية:(1/ 221،ط: دارالفكر) «ولا يجوز للآفاقي أن يدخل مكة بغير إحرام نوى النسك أو لا ولو دخلها فعليه حجة أو عمرة كذا في محيط السرخسي في باب دخول مكة بغير إحرام. ومن كان داخل الميقات كالبستاني له أن يدخل مكة لحاجة بلا إحرام إلا إذا أراد النسك فالنسك لا يتأدى إلا بالإحرام،» الشامية:(2/ 579،ط: دارالفكر) «(آفاقي) مسلم بالغ (يريد الحج) ولو نفلا (أو العمرة) فلو لم يرد واحدا منهما لا يجب عليه دم بمجاوزة الميقات، وإن وجب حج أو عمرة إن أراد دخول مكة أو الحرم على ما سيأتي في المتن قريبا (وجاوز وقته) ظاهر ما في النهر عن البدائع» «اعتبار الإرادة عند المجاوزة (ثم أحرم لزمه دم؛ كما إذا لم يحرم، فإن عاد) إلى ميقات ما (ثم أحرم أو) عاد إليه حال كونه (محرما لم يشرع في نسك) صفة: محرما كطواف ولو شوطا، وإنما قال (ولبى) لأن الشرط عند الإمام تجديد التلبية عند الميقات بعد العود إليه خلافا لهما (سقط دمه) والأفضل عوده إلا إذا خاف فوت الحج»