السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ،مفتی صاحب! ایک آدمی اپنی بیوی کو مار رہا تھا جس پر بیوی نے شوہر سے کہا کہ مجھے کیوں مار رہے ہو کیا تم مسلمان نہیں ہو، شوہر نے جواب میں کہا، ہاں میں مسلمان نہیں ہوں تو اس طرح کا جملہ کہنے کا کیا حکم ہے؟
سوال میں ذکر کردہ الفاظ کہ میں مسلمان نہیں ہوں، استعمال کرنا مسلمان کی شان کے خلاف ہے، بعض اہلِ علم نے ایسے جملے کو کلمہ کفر قرار دیا ہے، تاہم اگر کہنے والے کی مراد یہ ہو کہ اُس کے اعمال مسلمانوں جیسے نہیں تو اس احتمال کی وجہ سے کفر کا حکم نہیں لگایا جائے گا، لہٰذا ایسی صورت میں وہ شخص دائرۂ اسلام سے خارج نہیں ہوگا، البتہ اس پر لازم ہے کہ اپنے اس جملے سے سچی توبہ و استغفار کرے اور آئندہ ایسے الفاظ سے مکمل احتیاط کرے، احتیاطاً نکاح اور ایمان کی تجدید کرے۔
*الهندية:(277/2،ط: دارالفكر)* رجل ضرب امرأة فقالت المرأة: لست بمسلم فقال الرجل: هبي أني لست بمسلم قال الشيخ الإمام أبو بكر محمد بن الفضل - رحمه الله تعالى - لا يصير كافرا بذلك وقد حكي عن بعض أصحابنا أن رجلا لو قيل له ألست بمسلم فقال: لا يكون ذلك كفرا كذا في فتاوى قاضي خان.