مفتیانِ کرام سے درج ذیل مسئلے کے بارے میں شرعی رہنمائی مطلوب ہے: ایک شخص نے پہلے آدمی سے دس لاکھ روپے لیے اور اس سے معاہدہ کیا کہ میں حلال کاروبار شروع کروں گا، جو منافع ہوگا اس کا نصف آپ کو اور نصف مجھے ملے گا۔ اس کے بعد اسی شخص نے دوسرے آدمی سے بھی دس لاکھ روپے لیے اور اس سے بھی یہی معاہدہ کیا کہ منافع کا نصف آپ کو اور نصف مجھے ملے گا۔ دونوں سرمایہ داروں کو یہ معلوم نہیں تھا کہ اس شخص نے دوسرے آدمی سے بھی سرمایہ لیا ہے۔ کسی کے ساتھ یہ شرط نہیں ہوئی تھی کہ سرمایہ کسی دوسرے شخص کے سرمائے کے ساتھ نہیں ملایا جائے گا، اور دونوں سرمایہ داروں کو سرمایہ ملا کر کاروبار کرنے پر بھی اعتراض نہیں ہے۔ اس شخص نے دونوں کے دس، دس لاکھ روپے ملا کر کل بیس لاکھ روپے سے ایک بس خریدی اور اس پر کاروبار شروع کردیا۔ اب دریافت طلب یہ ہے کہ اس کاروبار سے حاصل ہونے والا منافع دونوں سرمایہ داروں اور کاروبار کرنے والے کے درمیان کس تناسب سے تقسیم ہوگا؟ اگر کاروبار میں نقصان ہوجائے تو وہ کس طرح برداشت کیا جائے گا؟ نیز بس پر سال کے آخر میں سرکاری ٹیکس ادا کرنا ہوتا ہے، جبکہ منافع ہر ماہ تقسیم کرلیا جاتا ہے؛ ایسی صورت میں سال کے آخر میں ٹیکس کس طرح اور کن پیسوں سے ادا کیا جائے گا؟ اسی طرح بس چلانے کے لیے ڈرائیور کی ضرورت ہے۔ اگر سرمایہ لے کر کاروبار شروع کرنے والا شخص خود بس چلائے تو کیا وہ منافع تقسیم کرنے سے پہلے اپنی ڈرائیوری کی تنخواہ لے سکتا ہے، یا اس کے لیے الگ سے تنخواہ مقرر کرنا جائز نہیں؟ اور اگر الگ ڈرائیور ملازم رکھا جائے تو کیا اس کی تنخواہ منافع تقسیم کرنے سے پہلے کاروباری اخراجات میں سے ادا کی جائے گی۔؟جزاکم اللہ خیراً
واضح رہے کہ ایک شخص کے سرمایہ اور دوسرے کی محنت سے چلنے والا کاروبار شرعاً عقدِ مضاربت کہلاتا ہے۔ مضاربت میں رب المال (سرمایہ فراہم کرنے والے) اور مضارب (کاروبار کرنے والے) کے درمیان منافع کی تقسیم فیصد کے اعتبار سے طے کرنا ضروری ہے۔ نیز مضاربت میں کاروبار کے ضروری اخراجات منہا کرنے کے بعد حاصل ہونے والا خالص منافع طے شدہ تناسب کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔ اگر کاروبار میں نقصان ہو تو پہلے اسے سابقہ منافع سے پورا کیا جائے گا، اور اگر منافع سے نقصان کی تلافی نہ ہوسکے تو باقی نقصان اصل سرمائے سے پورا کیا جائے گا۔ ایسی صورت میں مضارب کو اپنی محنت کا معاوضہ نہیں ملے گا، جبکہ مالی نقصان سرمایہ فراہم کرنے والے برداشت کریں گے، بشرطیکہ مضارب کی طرف سے تعدی یا کوتاہی نہ ہوئی ہو۔ لہٰذا پوچھی گئی صورت میں اگر پہلے شخص سے سرمایہ لینے کے وقت کسی دوسرے شخص سے سرمایہ لینے کی ممانعت کی شرط نہیں لگائی گئی تھی تو دوسرے شخص سے بھی سرمایہ لے کر کاروبار کرنا جائز ہے۔ نیز اگر پہلے شخص نے سرمایہ فراہم کیا ہے اور دوسرے شخص نے بھی دس لاکھ روپے سرمایہ دیے ہیں، جبکہ کاروبار کرنے والا اپنی محنت فراہم کر رہا ہے تو پہلے سرمایہ فراہم کرنے والے کو 25 فیصد، دوسرے سرمایہ فراہم کرنے والے کو 25 فیصد اور کاروبار کرنے والے کو 50 فیصد خالص منافع ملے گا اور گاڑی کے کاروبار میں ہونے والے ضروری اخراجات، بشمول ڈرائیور کی اجرت اور سالانہ ٹیکس وغیرہ، منافع تقسیم کرنے سے پہلے منہا کیے جائیں گے۔ اس کے بعد باقی خالص منافع طے شدہ تناسب کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔ البتہ اگر کاروبار کرنے والا خود گاڑی چلاتا ہے اور مضاربت میں منافع کا حصہ دار بھی ہے تو اسی عقد کے تحت اپنے لیے الگ سے ڈرائیونگ کی مقررہ تنخواہ لینا جائز نہیں؛ کیونکہ وہ اس معاملے میں مضارب ہے، لیکن اجیر نہیں بن سکتا، کیونکہ شرعی طور پر ایک ہی عقد کے اندر ایک شخص کا مضارب ہونا اور ساتھ ہی اپنے کام کی الگ سے اجرت وصول کرنا جائز نہیں ہے ۔
الهندية:(4/ 285،ط:دارالفکر) فهي عبارة عن عقد على الشركة في الربح بمال من أحد الجانبين والعمل من الجانب الآخر حتى لو شرط الربح كله لرب المال كان بضاعة ولو شرط كله للمضارب كان قرضا هكذا في الكافي. فلو قبض المضارب المال على هذا الشرط فربح أو وضع أو هلك المال بعد ما قبضه المضارب قبل أن يعمل به كان الربح للمضارب والوضيعة والهالك عليها كذا في المحيط. (وأما) (ركنها) فالإيجاب والقبول وذلك بألفاظ تدل عليها من لفظ المضاربة والمقارضة والمعاملة وما يؤدي معاني هذه الألفاظ بأن يقول رب المال خذ هذا المال مضاربة على أن ما رزق الله أو أطعم الله تعالى منه من ربح فهو بيننا على كذا من نصف أو ربع أو ثلث أو غير ذلك من الأجزاء المعلومة وكذا إذا قال مقارضة أو معاملة ويقول المضارب أخذت أو رضيت أو قبلت أو نحو ذلك يتم الركن بينهما هكذا في البدائع. ولو قال خذ هذا الألف فاعمل بالنصف أو بالثلث أو بالعشر أو قال خذ هذا الألف وابتع به متاعا فما كان من فضل فلك النصف ولم يزد على هذا شيئا أو قال خذ هذا المال على النصف أو بالنصف ولم يزد على هذا جازت استحسانا ولو قال اعمل به على أن ما رزق الله تعالى أو ما كان من فضل فهو بيننا جازت المضاربة قياسا واستحسانا هكذا في المحيط. مختصر القدوري:(ص113،ط:دار الكتب العلمية) ومن شرطها: أن يكون الربح بينهما مشاعا لا يستحق أحدهما منه دراهم مسماة ولا بد أن يكون المال مسلما إلى المضارب ولا بد لرب المال فيه. البحر الرائق:(264/7،ط:دار الكتاب الإسلامي) الخامس أن يكون نصيب كل منهما معلوما فكل شرط يؤدي إلى جهالة الربح فهي فاسدة وما لا فلا مثل أن يشترط أن تكون الوضيعة على المضارب أو عليها فهي صحيحة وهو باطل السادس أن يكون المشروط للمضارب مشروطا من الربح حتى لو شرط له شيئا من رأس المال أو منه ومن الربح فسدت.