معاملات / ترکات / احکام وصیت

اولاد میں جائیداد کی تقسیم اور ایک بیٹے کے حق میں وصیت کا شرعی حکم

فتوی نمبر : 3539 0000-00-00 12 مشاهدة

عضو هيئة كبار العلماء

السؤال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ایک شخص کے تین بیٹے اور بیٹیاں ہیں۔ اس نے اپنی زندگی میں اپنے بیٹوں کے درمیان جائیداد تقسیم کی، جس کی تفصیل درج ذیل ہے: 1.) پہلے اور دوسرے بیٹے کو 15، 15 لاکھ روپے دے دیے گئے۔ 2) ایک مکان جس کی مالیت 30 لاکھ روپے تھی، اس میں سے ایک بیٹے کو 15 لاکھ روپے کا حصہ دیا گیا، جبکہ باقی 15 لاکھ روپے کا حصہ والد نے اپنے پاس رکھا۔ 3 ) والد نے تحریری وصیت کی کہ مکان میں جو 15 لاکھ روپے کا حصہ میرے پاس ہے، وہ میرے انتقال کے بعد تیسرے بیٹے کو دے دیا جائے۔ 4)اس شخص کی بیٹیاں بھی موجود ہیں، لیکن انہیں زندگی میں جائیداد کی تقسیم کے وقت کوئی حصہ نہیں دیا گیا۔ سوالات: 1) کیا والد کے لیے اپنی زندگی میں صرف بیٹوں کو جائیداد دینا اور بیٹیوں کو محروم رکھنا شرعاً جائز ہے؟ 2) والد نے اپنے مکان میں موجود ذاتی حصے کو بھی تحریری وصیت کے ذریعے ایک بیٹے کے نام کر دیا ہے۔ کیا یہ وصیت شرعاً نافذ ہوگی؟ 3.)کیا والد اپنے کسی وارث (بیٹے) کے حق میں وصیت کر سکتے ہیں؟ اگر کر سکتے ہیں تو اس کے نفاذ کی شرعی شرائط کیا ہیں؟ 4.) والد کے انتقال کے بعد کیا مکان میں موجود ان کا 15 لاکھ روپے کا حصہ تمام شرعی ورثاء میں تقسیم ہوگا، یا صرف اس بیٹے کو ملے گا جس کے نام وصیت کی گئی ہے؟ 5) کیا والد کی بیٹیاں بھی والد کے انتقال کے بعد اس جائیداد میں شرعی طور پر حق دار ہوں گی؟ براہِ کرم قرآن و سنت اور فقہِ حنفی کی روشنی میں تفصیلی شرعی رہنمائی فرمائیں۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

اگر کوئی شخص اپنی زندگی میں اپنا مال اپنی خوشی ورضامندی سے بچوں میں تقسیم کرنا چاہے تو اس کی اجازت ہے، لیکن شرعاً یہ میراث نہیں کہلائے گی، بلکہ اولاد کے لیے اس کی طرف سے ہبہ (گفٹ) ہوگا، ہبہ میں وہ اپنی مرضی سے تقسیم کرسکتا ہے،البتہ بہتر یہ ہے کہ تمام اولاد کے درمیان برابری کرے۔ بغیر کسی شرعی عذر کے کسی بچے کو محروم کرنا یا کسی کو کم اور کسی کو زیادہ دینا مناسب نہیں،اس میں لڑکی کو بھی لڑکے کے برابر حصہ دیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ شرعاً کسی وارث کے حق میں وصیت نافذ نہیں ہوتی، البتہ اگر دیگر تمام ورثاء بالغ ہوں اور وصیت پر رضامندی ظاہر کریں تو ان کے حصوں کی حد تک وصیت نافذ ہوسکتی ہے۔ 1,2) پوچھی گئی صورت میں مذکورہ شخص کا اپنی زندگی میں صرف بیٹوں کو جائیداد دینا اور بیٹیوں کو محروم رکھنا مناسب نہیں تھا، بلکہ بہتر یہ تھا کہ تمام اولاد، خواہ بیٹے ہوں یا بیٹیاں، سب کو برابر حصہ دیتا، تاہم زندگی میں اپنی ملکیت کا مال اولاد کو دینا ہبہ (گفٹ) کہلاتا ہے، میراث نہیں،لہذا جو ان کو دیا گیا وہ انہی بیٹوں کا ہو گیا اسے دوبارہ میراث میں تقسیم نہیں کیا جائے گا۔ 3) نیز والد نے مکان میں اپنے پاس موجود 15 لاکھ روپے کے حصے کی جو وصیت تیسرے بیٹے کے حق میں کی ہے، وہ شرعاً نافذ نہیں ہوگی، کیونکہ وارث کے حق میں وصیت نافذ نہیں ہوتی۔ البتہ اگر والد کے انتقال کے بعد دیگر تمام بالغ ورثاء اس وصیت کی اجازت دے دیں تو ان کے حصوں کی حد تک وصیت نافذ ہوسکتی ہے۔ 4) والد کے انتقال کے بعد مکان میں موجود ان کا 15 لاکھ روپے کا حصہ تمام شرعی ورثاء میں شرعی حصوں کے مطابق تقسیم ہوگا، جس میں بیٹے اور بیٹیاں دونوں اپنے اپنے شرعی حصے کے حق دار ہوں گے۔

القرأن الكريم : [النساء:/4 11] يُوصِيكُمُ ٱللَّهُ فِيٓ أَوۡلَٰدِكُمۡۖ لِلذَّكَرِ مِثۡلُ حَظِّ ٱلۡأُنثَيَيۡنِۚ صحيح البخاري: (3/ 157، رقم الحديث : 2586، ط: دارطوق النجاة ) عن النعمان بن بشير : أن أباه أتى به إلى رسول الله صلى الله عليه وسلم فقال: ‌إني ‌نحلت ابني هذا غلاما، فقال: أكل ولدك نحلت مثله، قال: لا، قال: فارجعه. ملتقى الأبحر:(495/1،ط:دار الكتب العلمية) يبدأ من تركة الميت بتجهيزه ودفنه بلا إسراف ولا تقتير ثم تقضى ديونه ثم تنفذ وصاياه من ثلث ما بقي بعد الدين، ثم يقسم الباقي بين ورثته ويستحق الإرث بنسب ونكاح وولاء. ويبدأ بأصحاب الفروض ثم بالعصاب النسبية، ثم بالمعتق ثم عصبته، ثم الرد ثم ذوي الأرحام ثم مولي الموالاة ثم المقر له بنسب لم يثبت ثم الموصى له بأكثر من الثلث ثم بيت المال. البحر الرائق شرح كنز الدقائق :(7/ 284،ط: دارالكتاب الاسلامي) وأنها لا تبطل بالشروط الفاسدة حتى لو وهب لرجل عبده على أن يعتقه صحت الهبة وبطل الشرط.
واللہ تعالی اعلم بالصواب
دارالافتاء جامعہ دارالعلوم حنفیہ (نعمان بن ثابت)